پاکستان بحریہ نے بحیرہ عرب میں انسدادِ منشیات کے خلاف دو کامیاب آپریشنز کے دوران تقریباً 96 ملین ڈالر مالیت کی منشیات قبضے میں لے لی ہیں۔ فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بدھ کے روز جاری کردہ بیان کے مطابق یہ کارروائی پاکستان بحریہ کے جہاز یرموک (PNS Yarmook) نے سرانجام دی۔
ترجمان کے مطابق بحریہ کے جہاز نے پاکستانی ساحل سے دور سمندر میں گشت کے دوران مشکوک سرگرمیوں پر دو بڑی کشتیوں (ڈھو) کو روکا۔ تلاشی کے دوران ان کشتیوں کے خفیہ خانوں سے بڑی مقدار میں منشیات برآمد کی گئی جو سمگلنگ کے لیے چھپائی گئی تھی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق برآمد ہونے والی منشیات میں 850 کلو گرام آئس اور 2000 کلو گرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس شامل ہے۔ پکڑی گئی منشیات کی بین الاقوامی مارکیٹ میں مالیت کا تخمینہ تقریباً 96 ملین ڈالر لگایا گیا ہے جو کہ ایک بڑی کامیابی ہے۔
تمام منشیات کو پاکستان بحریہ نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے اور اسے مزید قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ حکام کے حوالے کیا جائے گا۔ متعلقہ حکام اب ان منشیات کو ضائع کرنے اور ملوث افراد کے خلاف قانونی ضابطے کے تحت کارروائی کا آغاز کریں گے۔
فوجی ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ کامیاب آپریشنز خطے میں سمندری سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان بحریہ کے عزم کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان بحریہ سمندر میں غیر قانونی سرگرمیوں اور منشیات کی سمگلنگ کی روک تھام کے لیے ہمہ وقت چوکس ہے۔
بحریہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں اس بات پر زور دیا گیا کہ سمندری حدود میں نگرانی کا عمل مسلسل جاری رہے گا۔ پاکستان بحریہ کی یہ کارروائی علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی کے حوالے سے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتی ہے۔