سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (X) پر ایک غیر مصدقہ پوسٹ نے فلمی دنیا میں ہلچل مچا دی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ آسٹریلوی اداکار کرس ہیمس ورتھ کو مائیکل بے کی آئندہ آنے والی لائیو ایکشن ٹرانسفارمرز فلم میں آپٹیمس پرائم کے کردار کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔
یہ قیاس آرائیاں لیجنڈری وائس آرٹسٹ پیٹر کولن کے 26 اگست کو انتقال کر جانے کے بعد شروع ہوئیں، جنہوں نے دہائیوں تک اس مشہور کردار کو اپنی آواز سے زندہ رکھا۔ آن لائن حلقوں میں یہ بحث زور پکڑ گئی ہے کہ آیا 41 سالہ تھور اسٹار کرس ہیمس ورتھ اس فرنچائز کی آٹھویں لائیو ایکشن قسط میں پیٹر کولن کی جگہ لینے کے اہل ہوں گے۔
فلمی شائقین کی جانب سے اس خبر پر ملے جلے اور جذباتی ردعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے، جس میں مداحوں کی ایک بڑی تعداد اس تبدیلی کو ایک بڑا چیلنج قرار دے رہی ہے۔ ایک مداح نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ کرس ہیمس ورتھ کا آپٹیمس پرائم کے طور پر انتخاب ایک حایران کن فیصلہ ہوگا، تاہم پیٹر کولن کی جگہ لینا انتہائی مشکل کام ہے۔
دیگر صارفین نے اس بات پر جوش و خروش کا اظہار کیا کہ کرس ہیمس ورتھ پہلے ہی 2024 کی اینیمیٹڈ فلم ٹرانسفارمرز ون میں اورین پیکس یعنی نوجوان آپٹیمس پرائم کے کردار کے لیے اپنی آواز کا جادو جگا چکے ہیں۔
کرائم 101 جیسی فلموں میں اداکاری کرنے والے کرس ہیمس ورتھ کی جانب سے لائیو ایکشن فلم میں شمولیت کی تاحال کوئی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی ہے۔ فلمی ناقدین کا کہنا ہے کہ اس طرح کی افواہیں اکثر سوشل میڈیا پر مقبولیت حاصل کرنے کے لیے پھیلائی جاتی ہیں جن کی حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہوتا۔
ٹرانسفارمرز فرنچائز کے مداح اب پروڈکشن ہاؤس کی جانب سے کسی حتمی اعلان یا تردید کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔ اس وقت تک یہ معاملہ محض ایک آن لائن قیاس آرائی تک محدود ہے جس پر دنیا بھر کے فلم بین اپنی رائے کا اظہار کر رہے ہیں۔
مائیکل بے کی جانب سے بھی اس نئی فلم کے کاسٹ کے حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا ہے۔ مستقبل میں یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ آیا یہ افواہیں سچ ثابت ہوتی ہیں یا پھر فرنچائز کسی نئے نام کے ساتھ آگے بڑھنے کا فیصلہ کرتی ہے۔